رائے پور: (اے یو ایس) کورونا وائرس سے بچنے کیلئے اب لوگ الگ الگ طرح کے نسخے اپنا رہے ہیں ، جو خطرناک بھی ثابت ہوتے جارہے ہیں۔ ایسا ہی ایک معاملہ چھتیس گڑھ کے بلاس پور میں سامنے آیا ہے۔ یہاں پر ہومیوپیتھک دوا لینا ایک پورے کنبہ کو بھاری پڑگیا۔ دوا کھانے کی وجہ سے9 لوگوں کی موت ہوگئی۔ وہیں چار دیگر افراد کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔
بلاس پور کے سی ایم او نے بتایا کہ سبھی نے ہومیوپیتھی دوائی لی تھی ، جس کے بعد9لوگوں کی موت ہوگئی اور پانچ کو اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔سی ایم او نے بتایا کہ اس میں الکحل کی مقدار کافی زیادہ تھی۔ فی الحال محکمہ صحت کی ٹیم معاملہ کی جانچ کررہی ہے۔ محکمہ کی جانچ ہونے کے بعد رپورٹ سے ہی یہ صاف ہوسکے گا کہ موت کی صحیح وجہ کیا ہے۔ حالانکہ بادی النظر میں ہومیوپیتھک دوا لینا ہی موت کی وجہ نظر آرہی ہے۔
سی ایم او نے بتایا کہ پورے کنبہ نے ہومیوپیتھک دوا ڈروسیرا 30 لی تھی۔ اس میں 91 فیصد تک الکحل ہوتا ہے ، جو دیسی شراب کے ساتھ ملایا جاتا ہے۔ اس سے اس کو لینا کافی خطرناک ہوجاتا ہے اور کئی معاملات میں یہ لینے والوں کیلئے زہر کا بھی کام کرتا ہے۔سی ایم او نے جانکاری دی کہ کنبہ کے لوگوں کی موت ہونے کے ساتھ ہی یہ خبر تیزی سے پھیلی اور اس کے بعد ہومیوپیتھک دوا دینے والا ڈاکٹر فرار ہوگیا ہے۔ پولیس ٹیم ڈاکٹر کی تلاش کررہی ہے اور اس کے ٹھکانوں پر دبش دے رہی ہے۔