احمد آباد: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دورہ ہند کے دوران احمد آباد میں ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی دہشت گردی اور پاکستان کا خاص طور سے ذکر کیا۔
یہاں سردار پٹیل اسٹیڈیم میں جو موٹیرا اسٹیڈیم سے معروف ہے، نمستے ٹرمپ کے عنوان سے دیے گئے استقبالیہ میں ڈونالڈ ڑٹرمپ نے کہا کہ ہمارے ممالک اسلامی دہشت گردی کا شکار رہے ہیں جس کے خلاف ہم نے لڑائی لڑی ۔اور امریکہ نے اپنے طور پر کارروائی کرتے ہوئے دولت اسلامیہ فی العراق والشام (داعش) کو بری طرح پسپا کیا اور البغدادی کو ہلاک کیا۔
اسٹیڈیم میں جس میں کم و بیش ایک لاکھ ا فراد موجود تھے، پاکستان کے حوالے سے ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی کر رہے ہیں ۔
پاکستان پر بھی امریکہ نے دباؤ بنایا ہے ۔پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔ ہر ملک خود کو محفوظ رکھنے کا پابند ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے رشتے بہت خوشگوار اور اچھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب سے میری حکومت بر سر اقتدار آئی ہے میرا ایڈمنسٹریشن سرزمین پاکستان پر سرگرم دہشت پسند تنظیموں اور وہاں سے کام کر رہے انتہاپسندوں کو قلع قمع کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ نہایت مثبت طریقہ سے کام کر رہا ہے۔
اور ا ن کوششوں کے لیے جو پاکستان نے ہمارے ساتھ مل کر دہشت گردی کے قلع قمع کے لیے کی ہیں شکریہ۔
ہمیں پاکستان کے ساتھ بڑی پیشرفت کے آثار نظر آرہے ہیں اور ہم کشیدگی کم کرنے استحکام لانے اور جنوبی ایشیا کے تمام ممالک کے درمیان ہم آہنگی کے مستقبل کے بارے میں پر اعتماد ہیں۔