نئی دہلی:صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے مولانا وحیدالدین خان کے انتقال کی خبر پر غم کا اظہار کیا ہے۔صدر نے ٹویٹ کیا ہے کہ مشہور اسلامی اسکالر مولانا وحیدالدین خان کے انتقال سے گہرا صدمہ پہنچا۔ مولانا وحیدالدین نے جنہیں پدم بھوشن سے نوازاگیا، معاشرے میں امن ، ہم ا آہنگی اور بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے اہل خانہ اور خیر خواہوں سے میری گہری تعزیت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی مولانا وحیدالدین خان کی وفات پر سوگ ظاہرکیا ۔
انہوں نے ٹویٹ کیاہے کہ میں مولانا وحیدالدین خان کے انتقال سے رنجیدہ ہوں۔ انہیں علم الہٰیات اور روحانیت میں اپنے علم کے لیے یاد کیا جائے گا۔وہ سماجی خدمت اور بااختیار بنانے کے لیے بہت پرجوش تھے۔ ان کے اہل خانہ اور ان گنت خیر خواہوں سے میری تعزیت ہے۔واضح ہوکہ مشہور اسلامی اسکالر اور عالم اسلام کی معروف شخصیت اور الرسالہ کے مدیر مولانا وحیدا لدین خاں کا بدھ کی شب پونے دس بجے دہلی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہوگیا۔
ان کی عمر تقریباً 96 سال تھی۔ پسماندگان میں دو بیٹے اوردو بیٹیاں ہیں۔مولاوحیدالدین خاں کافی عرصے بیمار چل رہے تھے۔ کچھ دنوں قبل انہیں دہلی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی پیدائش یکم جنوری 1925کو اعظم گڑھ کے دور افتادہ گاو¿ں بڈھیریا میں ہوئی تھی۔ وہ باضابطہ عالم نہیں تھے لیکن وہ علم کا خزانہ تھے۔ عربی، انگریزی اردو اور دیگر زبانوں پر عبور حاصل تھا۔ انہوں نے اسلام پر کتابیں لکھنے کے علاوہ تفسیر بھی لکھی اور متعدد اصلاحی کتابیں تنصیف کی۔
