اسلام آباد ،( اے یو ایس ) نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے ملک بھر میں کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔کورونا وائرس کی پابندیوں سے متعلق ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کورونا کیسز اور اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی شرح میں کمی آگئی ہے جب کہ ویکسینیشن کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ہمیں علم نہیں کہ یہ وبا ختم ہوگی یا نہیں لیکن فی الحال ایسا لگتا ہے کہ یہ چلتی رہے گی اور معمول کا حصہ بن جائے گی، اس لیے ہم نے ا?ج کورونا وائرس کے سبب لگائی گئی تمام پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پابندیاں ختم کرنے کے اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انڈور شادی کی تقریبات، اسپورٹس، جیمز سمیت تمام تر پابندیوں کو ختم کیا گیا ہےلیکن ویکسین سے متعلق پابندیاں اب بھی برقرار ہیں، یعنی ہوائی سفر کرنے والوں کے لیے ویکسین کی لازمی شرط برقرار رہے گی۔انہوں نے کہا کہ جب ویکسینیشن کی شرح 80/85 فیصد تک پہنچ جائے گی اس وقت اس پابندی کی ضرورت بھی نہیں رہے گی کیونکہ بڑی اکثریت ویکسینیٹ ہوچکی ہوگی۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ ہر گز نہیں ہے کہ بیماری ختم ہوگئی ہے، ہم اس کے بعد روزانہ کی بنیاد کر اس کی نگرانی کرتے رہے ہیں گے کہ اس کی وبا کی نوعیت کیا ہے، اگر ہمیں کوئی ایسی چیز نظر آئی جس کے سبب اقدامات کرنے کی ضرورت ہوئی تووہ ہم ہمیشہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ پابندیوں کے خاتمے سے کیسز میں کچھ اضافہ ہوگا لیکن ہم نے بہت سوچ سمجھ کر یہ فیصلہ کیا ہے۔