نئی دہلی: ہندوستان کی سفیر متعین بھوٹان روچیرا کمبوج کو اقوام متحدہ میں ہندوستان کا مستقل نمائندہ مقرر کر دیا گیا ۔کمبوج اقوام متحدہ میں ہندوستانی سفیر کے طور پر ٹی ایس ترمورتی کی جگہ لیں گی۔ وزارت خارجہ نے آج ایک بیان میں کہا کہ1987بیچ کی انڈین فارن سروس افسر ( آئی ایف ایس)محترمہ روچیرا کمبوج کو ،جو فی الحال بھوٹان میں ہندوستان کی سفیر ہیں، نیویارک میں اقوام متحدہ میں ہندوستان کی آئندہ سفیر/مستقل نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔
توقع ہے کہ وہ جلد ہی ذمہ داری سنبھالیں گی۔وہ 1987 سول سروسز بیچ کی آل انڈیا ویمنز ٹاپر اور 1987 فارن سروس بیچ کی ٹاپر تھیں۔ روچیرا کمبوج کو بھوٹان میں ہندوستان کی پہلی خاتون سفیر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔ان کا سفارتی سفر فرانس سے شروع ہوا تھا جہاں وہ 1989 تا ہندوستانی سفارت خانہ واقع پیرس میں تھرڈ سکریٹری کے طور پر تعینات تھیں۔