ریاض:(اے یو ایس ) سعودی عرب میں رواں سال یکم جون سے تین جون تک بین الاقوامی یوگا کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے۔ یہ مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کی پہلی ورچوئل کانفرنس ہو گی۔ کانفرنس کا مقصد انسانی جسم اور عقل پر یوگا کے طبی اور سائنسی اثرات پر روشنی ڈالنا ہے۔اس سرگرمی کی میزبانی سعودی یوگا کمیٹی انجام دے گی۔ اس سلسلے میں کمیٹی کو ایشین یوگا تھراپی ایسوسی ایشن کا تعاون حاصل ہے۔ ایسوسی ایشن کا صدر دفتر سنگاپور میں ہے۔
تین روزہ کانفرنس میں لیکچروں اور سائنسی مقالات کا بھی اہتمام ہو گا جن کے ذریعے یوگا کے انسانی صحت کے لیے فوائد زیر بحث آئیں گے۔ کانفرنس میں قدرتی علاج اور یوگا کے ماہرین شریک ہوں گے۔ ان کا تعلق سعودی عرب ، بحرین ، ہندوستان ، جاپان ، امریکا اور یورپ سے ہے۔کانفرنس کے شرکا یوگا کے فوائد اور صحت کے مختلف مسائل کے ساتھ ان کے تعلق پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ ان مسائل میں ذہنی امراض ، اعصابی بگاڑ ، موٹاپا ، ذیابیطس ، امراض قلب ، شریانوں کے مسائل ، خواتین کی صحت اور روماٹز (گٹھیا) شامل ہے۔
سعودی یوگا کمیٹی کی سربراہ نوف المروعی کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے دوران میں صحت اور معیار زندگی کے لیے طبی اور سائنسی شواہد ، تحقیقات اور یوگا کے طریقوں کو پیش کیا جائے گا۔سعودی یوگا کمیٹی نے حال ہی میں یوگا کے سعودی مرد اور خواتین تربیت کاروں کی ایک نشست کا انعقاد کیا تھا۔ اس سلسلے میں ایک ورچوئل لیکچر کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس لیکچر کا عنوان روزے کے دوران میں یوگا کے فوائد تھا۔ یہ لیکچر ڈاکٹر رشا الردادی نے دیا تھا۔ لیکچر میں 100 سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔
