ریاض: سعودی ابلاغی ذرائع کے مطابق دو سال کی سخت کوویڈ بندشوں کے بعد سعودی عرب نے امسال عازمین حج کی تعداد میں اضافہ کر کے دس لاکھ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لیکن اس بار65سال سے زائد عمر کے لوگوں کو حج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ علاوہ ازیں مملکت کی وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ عازمین حج کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ یہ شرط بھی لگا دی گئی ہے کہ ہر عازم حج کو تین روز (72گھنٹے) پہلے کرائے گئے کوویڈ ٹسٹ کی نگیٹیو رپورٹ داخل کرنا ہو گی۔اور وہ کورونا وائرس کا ٹیکہ لگوا چکے ہوں گے۔
ایس پی اے نیوز ایجنسی کے مطابق گذشتہ سال سعودی عرب نے اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک حج کی ادائیگی کے لیے صرف اندرون ملک کے 60ہزار عازمین حج کو، جن میں سعودی شہری اور اقامتی تارکین وطن شامل تھے، فریضہ حج کی ادائیگی کی اجازت دی تھی جبکہ وبا پھوٹنے سے پہلے یہی تعداد 25لاکھ سے بھی تجاوز کر جاتی تھی۔وزارت نے اپنے ایک بیان میں مزید کہا کہ خادم حرمین شریفین کی حکومت کی یہ نہایت اہم ذمہ داری ہے کہ وہ وہ عازمین حج اور ان دونوں حرمین شریفین آنے والے نمازیوں کے تحفظ یقینی بنائیں اور اس امر کی بھی یقینی بنائیں کہ دنیا بھر سے اسلام اس مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لیے دنیا کے کونے کونے سے آنے والے انتہائی روحانی اور محفوظ فضا میں مناسک حج ادا کر سکیں ۔
