صنعا: (اے یو ایس ) یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ صنعا میں حوثی ملیشیا کے عسکری اور قانونی اہداف کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ جس میں ڈرون طیارے تیار کرنے اور ان میں دھماکا خیز مواد بھرنے کے لیے استعمال ہونے والی دو ورکشاپس اور ان طیاروں کے دو ڈپو تباہ ہو گئے۔
عرب اتحاد نے باور کرایا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو جانی نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ادھر میدان جنگ میں موجود ذرائع نے العربیہا اورالحدث نیوز چینلز کو بتایا کہ عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے ماٰرب صوبے کے جنوبی محاذ پر حوثیوں کی کمک اور مورچوں کو بم باری کا نشانہ بنایا۔اس دوران میں حوثیوں کی ایک بکتر بند گاڑی اور تین دیگر عسکری گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
ذرائع کے مطابق حملوں میں حوثی رہ نماؤں کے ایک اجلاس کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں جنوبی محاذ پر حوثیوں کا ایک فیلڈ کمانڈر مارا گیا۔ عرب اتحاد نے شہریوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نشانہ بنائے جانے والے مقامات سے دور رہیں۔ اتحاد کے مطابق تمام عسکری کارروائیاں بین الاقوامی قانون کو ملحوظ خاطر رکھ کر کی جا رہی ہیں۔
