کابل،(اے یوایس)طالبان نے کابل میں سفارتخانوں پر حملے کرنے والے مبینہ داعش کمانڈر کو ہلاک کر دیا۔افغان حکومتی ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد کے مطابق طالبان فورسز نے مقامی داعش انٹیلیجنس اور آپریشنز چیف قاری فتح کو اتوار کی رات آپریشن کرتے ہوئے ہلاک کیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ قاری فتح کابل میں ہونے والے حالیہ حملوں میں براہ راست ملوث تھا۔ اس نے سفارتخانوں، مساجد اور دیگر کو نشانہ بنایا۔کابل کے علاقے خیرخانہ میں ایک اور داعش دہشتگرد بھی آپریشن میں مارا گیا۔
اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی جولائی 2022 میں جاری ہونے والی رپورٹ میں قاری فتح کو داعش کا اہم کمانڈر قرار دیا گیا تھا۔اس پر ہند، ایران اور وسطی ایشیا میں دہشتگردانہ کارروائیوں کا الزام تھا۔یاد رہے کہ دسمبر 2022 میں کابل میں واقع پاکستانی سفارتخانے پر حملہ ہوا تھا جس میں ایک پاکستانی سیکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوگیا تھا۔پچھلے سال ستمبر میں روسی سفارتخانے پر خودکش بم حملے کے نتیجے میں دو سفارتکار ہلاک ہوگئے تھے۔