ریاض(اے یو ایس ) سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے فلسطینی اراضی میں قابض اسرائیلی فورسز کی جانب رواں ہفتے دوبارہ آبادکاری و رہائشی یونٹس کی تعمیر کے فیصلے کے اعلان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت خارجہ نے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ’ قابض حکام کی جانب سے خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے‘۔
وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ’وہ اسرائیلی قبضے کو ختم کرانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور ایسے اشتعال انگیز عمل کو روکے جو بین الاقوامی امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔‘سعودی وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز اسرائیلی قابض حکام کی طرف سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں آباد کاری یونٹس کی تعمیر کے لیے جاری کردہ ٹینڈر کے فیصلے کی مذمت کی۔سعودی وزارت خارجہ نے دو روز قبل قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے فلسطین کے مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں دوبارہ آبادکاری کی اجازت دینے کے فیصلے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی تھی۔وزارت خارجہ نے مملکت کی جانب سے مذکورہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے تمام بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا تھا۔