واشنگٹن(اے یو ایس ) امریکا نے منگل کے روز شام کے صدر بشارالاسد کے دو کزنوں سمیت چھے افراد کے خلاف خطرناک قوت بخش دوا ایمفیٹامین کیپٹاگون کی تیاری یا برآمد میں کردارادا کرنے پرنئی پابندیاں عایدکردی ہیں۔امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قوت بخش ممنوعہ دوا کیپٹاگون کی تجارت کا تخمینہ اربوں ڈالرلگایا گیا ہے اوریہ نئی پابندیاں لبنان سے تعلق رکھنے والے منشیات کے اسمگلروں کے کردار اور کیپٹاگون کی اسمگلنگ میں اسدخاندان کے غلبے کو اجاگر کرتی ہیں۔
اسد خاندان منشیات کی اسی اسمگلنگ سے شامی حکومت کو مالی اعانت مہیّا کرتا ہے۔محکمہ خزانہ کے دفتربرائے غیرملکی اثاثہ جات کنٹرول کی ڈائریکٹراینڈریا ایم گاکی کا کہنا ہے کہ”شام انتہائی نشہ آورکیپٹاگون کی پیداوار میں ایک عالمی لیڈر بن چکا ہے اور اس کی بھاری مقدار کولبنان کے راستے اسمگل کیا جاتا ہے“۔انھوں نے کہا:”ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کران لوگوں کا احتساب کریں گے جو بشارالاسد کی حکومت کی معاونت کرتے ہیں اور یہ ان کی منشیات کی غیرقانونی آمدن اور دیگرمالی ذرائع ہیں جو شامی عوام پرحکومت کے مسلسل جبرواستبداد کوممکن بناتے ہیں“۔