واشنگٹن:(اے یو ایس ) امریکہ نے کہا ہے کہ وہ چاہتا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی یوکرین میں روسی جنگی جرائم کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے روس کو انسانی حقوق کونسل سے نکال دے۔عالمی ادارے میں تعینات امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے پیر کو کہا کہ انسانی حقوق کی کونسل میں روس کی شرکت ایک مذاق ہے۔ اور یہ غلط ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی انہیں ہٹانے کے لیے ووٹ دے۔
انہوں نے اپنے مطالبے کی بنیاد یوکرین کی جانب سے لگائے گئے ان الزامات کو بنایا جس میں کہا گیا تھا کہ روسی فوجیوں نے بوچا کے علاقے میں درجنوں شہریوں کو ہلاک کردیا ہے۔یوکرین نے کہا کہ وہ ان ہلاکتوں کی تحقیقات کر رہا ہے اور روس نے اس میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔روس کو کونسل سے نکالنے کے لیے 193 رکنی اسمبلی کا دو تہائی ووٹ درکار ہے۔
