دمشق: شام میں امریکی فوج کو نشانہ بنا کر راکٹ داغے گئے۔ بظاہر یہ محسوس ہوتا ہے کہ یہ کارروائی شام اور عراق میں ایران حمایت یافتہ ملیشیا کے خلاف اختتام ہفتہ میں امریکی فضائی حملے کے جواب میں کی گئی ہے۔
ایک امریکی فوجی ترجمان کرنل وینے مروٹو نے کہا کہ امریکی فوجوں نے اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے شام میں ایران نواز ملیشیا کے ٹھکانوں پر جوابی راکٹ داغے ۔
کرنل مروٹو نے مزید کہا کہ شام سے کیے گئے راکٹ حملوں میں امریکا کا کوئی فوجی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔البتہ نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ امریکی فوجوں پر حملوں کا کون ذمہ دار ہے۔ شمالی شام کے دیر الذور میں ذرائع کے مطابق ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا گروپ نے امریکی حمایت یافتہ شام ڈیموکریٹک فوسز کئے زیر کنٹرول عمر آئل فیلڈ کی حدود میں کچھ راؤنڈ گولے برسائے ۔
کچھ گھنٹے پہلے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور وائٹ ہاؤس نے عراق اور شام میں اتوار کے روز کیے گئے امریکی فضائی حملوں کا یہ کہتے ہوئے دفاع کیا کہ یہ ٹکراؤ کا خطرہ کم کرنے کی ایک راہ ہے۔
