واشنگٹن(اے یو ایس )چیریٹی ویڈیو گیم پلیٹ فارم نے پیر کو کہا کہ گیمز ڈن کوئیک (جی ڈی کیو) کا آل ویمن سمر اسپیڈ رننگ ایونٹ فلیم فیٹلز ایک ہفتے کے بعد اختتام پذیر ہو گیا ہے جس میں 60 سے زائد گیمز کے ایک لائن اپ کے ذریعے خواتین رنرز نے ملالہ فنڈ کے لیے $110,835 سے زیادہ رقم جمع کی ہے۔
گیمز ڈن کوئیک ویڈیو گیم میراتھنز کا ایک سلسلہ ہے جس میں سپیڈ رنرز اعلیٰ سطحی گیم پلے پیش کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کے لیے رقم جمع کرتے ہیں۔ 2010 کے بعد سے جی دی کیو نے دنیا کے کچھ اثر انگیز ترین خیراتی اداروں کے ساتھ شراکت کی ہے جس میں ایبل گیمرز، ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز، آٹزم ریسرچ آرگنائزیشن اور پریوینٹ کینسر فاو¿نڈیشن شامل ہیں۔ آج تک جی ڈی کیو ایونٹس نے $46.3 ملین سے زیادہ رقم جمع کی ہے۔
جی ڈی کیو نے پیر کو ایک بیان میں کہا۔ “فلیم فیٹلز 2023 نے ملالہ فنڈ کو فائدہ پہنچایا جو دنیا بھر کی لڑکیوں کے لیے مفت، محفوظ اور معیاری تعلیم کے حصول کے لیے کام کرنے والا ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے، بالخصوص یہ ان خطوں میں کام کرتا ہے جہاں کئی لڑکیاں ثانوی تعلیم سے محروم رہتی ہیں۔”اس سال سٹریو ویلی، دی لیجنڈ آف زیلڈا، ٹیئرز آف دا کنگڈم، فائنل فینٹیسی ایکس، اوکٹوپاتھ ٹریولر ٹو، پوکے مون سکارلیٹ/وائلٹ، پلیٹ اپ کا تھری پلیئر رن اور ریزیڈںٹ ایول ولیج جیسی پرجوش گیمز مقابلے میں شامل تھیں۔
شائقین گیمز ڈن کوئیک کے آفیشل یوٹیوب چینل پر اس ہفتے کے تمام رنز کی ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں۔فروسٹ فیٹلز تین تا دس مارچ 2024 کو سپیڈ رننگ کے ایک اور ہفتے کے ساتھ واپس آ رہا ہے۔ملالہ فنڈ تمام لڑکیوں کو ثانوی تعلیم دینے کے لیے درکار وسائل اور پالیسی تبدیلیوں کی وکالت کرتا ہے، تعلیم کے مقامی کارکنوں کے لیے سرمایہ کاری کرتا اور تبدیلی کے لیے لڑنے والی لڑکیوں کی آواز کو دور تک پہنچاتا ہے۔