واشنگٹن:(اے یو ایس) یوکرین کی مالی و اسلحہ سے امداد کے لیے امریکہ کی نجی کمپنیاں پیش پیش نظر آرہی ہیں اس ضمن میں پہل کرتے ہوئے فوجی فلم ہولڈنگز کارپوریشن نے یوکرین میں انسانی خدمات میں تعاون دینے کے لیے 2 ملین ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی ایک ملین ڈالر یو این ایچ آر سی اور یونیسیف کو دے گی۔علاوہ ازیں امریکی ریاست ایری زونا میں گولہ بارود تیار کرنے والی ایک کمپنی نے رواں ہفتے اعلان کیا ہے کہ وہ بندوقوں کے دس لاکھ کارتوس یوکرین بھیجے گی۔
یہ اعلان یوکرینی صدر ولودی میر زیلنسکی کی اس اپیل کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے مزید گولہ بارود حاصل کرنے پر زور دیا تھا۔امریکی چینل فوکس نیوز کے مطابق کمپنی یہ گولیاں بلا معاوضہ یوکرین بھیجے گی۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹو فریڈ واگنہیلر کا کہنا ہے کہ میں آزادی اور جمہوریت پر یقین رکھتا ہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں عطیات فراہم کرنا چاہئیں۔واگنہیلر کے اندازے کے مطابق عطیہ کی جانے والی گولیوں کی مجموعی قیمت 7 لاکھ ڈالر ہے۔چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت حکومت کی جانب سے کھیپ بھیجے جانے کی منظوری کے منتظر ہیں۔ تاہم ان کا نجی طیارہ کھیپ پہنچانے کے واسطے تیار ہے۔
امریکا کی جانب سے یوکرین کے صدر کو بحفاظت ملک سے انخلاءکی پیش کش کی گئی تو ولودی میر زیلنسکی نے جواب میں یہ کہا کہ مجھے فلائٹ کی نہیں بلکہ گولہ بارود کی ضرورت ہے۔دوسری جانب ریمنگٹن اسلحہ کمپنی نے بتایا ہے کہ وہ بھی گولہ بارود یوکرین بھیجے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس نے یوکرین کے صدر کی اپیل سن لی ہے اور ریمنگٹن کمپنی 10 لاکھ گولیاں یوکرین بھیجے گی۔
