لندن: حکومت برطانیہ کے مطابق یوکرین سے متصل اپنی سرحد پر فوج تعینات کرنے کے روس کے اقدام کی روشنی میں برطانیہ نے یورپی سرحدوں کو مزید مستحکم کرنے کے منصوبہ کے جزو کے طور پر بڑی تعداد میں ناٹو افواج کی تعیناتی پر غور کررہا ہے۔
ایک بیان میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ ایسا قدم کریملن کو ایک واضح پیغام دے گا کہ ہم ان کی عدم استحکام پیدا کرنے والی کسی حرکت کو برداشت نہیں کریں گے اور روسی دشمنی کی صورت میں ہمیشہ اپنے ناٹو اتحادیوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ یقینی بنانے کے لیے کہ ہم اپنے ناٹو اتحادیوں کی حمایت کرنے کے قابل ہیں وہ اپنی مسلح افواج کو آئندہ ہفتے تک یورپ بھر میں تعیناتی کی تیاری کرنے کا حکم دےچکے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بورس جانسن آئندہ ہفتے خطے کا دورہ کر رہے ہیں اور وہ فون پر روسی صدر ولادمیر پوتین سے بھی بات کریں گے۔
جانسن کے علاوہ برطانوی وزیرخارجہ اور وزیر دفاع بھی عنقریب روس کا دورہ کریں گے جہاں وہ تعلقات کو بہتر کرنے، تناؤ اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنے روسی ہم منصبوں سے مذاکرات کریں گے۔ دریں اثنا برطانوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ روس کی جانب سے یوکرین میں کسی دراندازی کی صورت میں فوری پابندیاں عائد کی جائیں گی۔