نئی دہلی(اے یو ایس)دہلی کے کالکاجی علاقے میں پیر کو 12ویں جماعت کے ایک طالب علم کو چاقو سے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا اور جائے وقوعہ پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج ا سکین کر کے ملزمان کی شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ متوفی کی شناخت موہن عرف مانیا کے نام سے ہوئی ہے۔
جنوبی مشرقی ضلع کے ڈپٹی کمشنر پولیس ایشا پانڈے نے بتایا کہ جے جے آر کیمپ، اوکھلا فیز 2 کے رہنے والے موہن عرف مانیا کو پیر کی دوپہر تقریباً ڈھائی بجے پورنیما سیٹھی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پی سی آر کال کی بنیاد پر پولیس نے کالکاجی تھانے میں کیس درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ زخمی رات گئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔ موہن کالکاجی کے اسکول نمبر 2 میں 12ویں جماعت کا طالب علم تھا۔تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ ہنس راج سیٹھی پارک میں طلبائ کے دو گروپوں کے درمیان لڑائی ہوئی تھی جس میں لڑکا شدید زخمی ہوا تھا۔ پولیس موقع پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سکین کرکے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔