دوبئی: انگلستان کے جارح افتتاحی بلے باز ایلکس ہیلز میں کورونا وائرس ٹسٹ مثبت آیا ہے ۔ ایلکس پاکستان سوپر لیگ میں کراچی کنگز کی جانب سے کھیل رہے تھے اور آج انہیں لاہور میں لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میچ میں کھیلنا تھا لیکن سیمی فائنل میچوں سے چند گھنٹے قبل ان کی جانچ کے بعد ان میں کوونا وائرس کی تصدیق ہو گئی جس کے باعث نہ صرف دونوں سیمی فائنلز منسوخ کر دیے گئے بلکہ پی ایس ایل ہی تا اطلاع ثانی ملتوی کر دی گئی۔ہیلز بھی قرنطینہ ہو گئے ہیں۔ اس پی ایس ایل سیزن فائیو کا فائنل 18مارچ کو کھیلا جانا تھا۔اس سے قبل خبر آئی تھی کہ پی ایس ایل میں کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑی کورونا وائرس کے باعث تشویش میں مبتلا ہیں اور اپنے وطن واپس چلے جانا چاہتے ہیں۔ ان میں سے کئی غیر ملکی کھلاڑی واپس جا بھی چکے تھے۔ان میں لاہور قلندر کے آسٹریلیائی کھلاڑی کرس لین بھی شامل ہیں جنہوں نے سیمی فائنل سے عین قبل وطن واپس جانے کا فیصلہ کر کے پاکستان چھوڑ دیا۔جارح انداز سے بلے بازی کرنے والے کرس لین نے اتوار کی دوپہر ملتان سلطان کے خلاف میچ میں 55 گیندوں پر 113 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر لاہور قلندرز کو سیمی فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔