دوبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے سعودی عرب اور یو اے ای کے درمیان پروازیں معطل کر دیں۔

اتحاد ایر ویز کے ہیڈ کوارٹر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی قومی ایر لائنز اتحاد ایر ویز نے کوویڈ 19-(Covid-19)کو پھیلنے سے روکنے میں تعاون دینے کے لیے سعودی عرب کی شہری ہوا بازی کی جنرل اتھارٹی کی ہدایت پر مملکت سعودی عرب اور ابو ظبی کے درمیان اپنی تمام پروازیں عارضی طور پر بند کر دی ہیں۔

اتحاد ایر ویز ابوظبی اور سعودی عرب کے درمیان روزانہ 12پروازیں چلاتا ہے۔اس نے مجموعی طور پر سعودی عرب کے شہروں ریاض، جدہ، دمام اور مدینہ کے لیے اپنی سات پروازیں منسوخ کر دیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کی چار دیگر پروازوں کوجو ہدایت جاری کرتے وقت سعودی عرب کے راستے میں تھیں انہیں لینڈ کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ جب یہ جہاز ریاض، جدہ اور دمام پہنچے تو سعودی شہریوں کو تو اترنے دیا گیا لیکن باقی دیگر مسافروںکو طیارے میں ہی روک لیا گیا۔جنہیں ابو ظبی واپس بھیجا جارہا ہے۔چوتھی پرواز جو مدینہ گئی تھی معتمرین کو واپس لا رہی ہے۔

پروازوں کی معطلی کے ساتھ ساتھ سعودی شہریوں اور سعودی عرب کے رہائشیوں پر یو اے ای سمیت دیگر ممالک کا سفر کرنے کی پابندی عائد کر دی اور ان مسافروں پر بھی جو بحرین، کویت ،لبنان، شام ، اٹلی ،مصر اور کوریا سے براہ راست یا براستہ سعودی عرب آرہے ہیں،پابندی لگا دی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *