نئی دہلی:(اے یو ایس)بہار اسمبلی انتخابات سے قبل سابق مرکزی وزیر دگ وجے سنگھ اور سابق رکن پارلیمنٹ پوتل کماری کی بیٹی نیشنل شوٹر شیئرسی سنگھ اتوار کو بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) میں شامل ہوگئیں۔ بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ان کا خیر مقدم کیا۔
شیئرسی کے ساتھ ان کی ماں بھی موجود تھیں۔ سابق رکن پارلیمنٹ پوتل کماری پہلے ہی بی جے پی میں شامل ہوچکی ہیں۔گذشتہ لوک سبھا انتخاب میں آزاد انتخاب لڑنے کے سبب انہیں معطل کیا گیا تھا، آج ان کی معطلی ختم ہوگئی ہے۔سابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ پوتل کماری کی بیٹی شیئرسی سنگھ نے 2019 لوک سبھا الیکشن میں ماں کے لئے انتخابی تشہیر کی تھی۔
ان کے انتخابی جلسے اور روڈ شو میں جمع ہونے والی بھیڑ کے بعد سے ہی سیاسی ماہرین اس بین الاقوامی کھلاڑی کے سیاست میںآنے کی قیاس آرائی کی جارہی تھی۔ گزشتہ دنوں شیئرسی سنگھ کے آرجے ڈی میں شامل ہونے کی خبریں آئی تھیں۔ بتایا جارہا تھا کہ وہ آرجے ڈی کے ٹکٹ پر اسمبلی کا الیکشن لڑ سکتی ہیں، لیکن پیر کے روزشیئرسی سنگھ کے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد یہ قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں۔
اس موقع پر بہارکے انتخابی انچارج اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس، بہار کے انچارج جنرل سکریٹری بھوپیندر یادو اور جنرل سکریٹری ارون سنگھ بھی موجود تھے۔ سمجھا جاتا ہے کہ نیشنل شوٹر شیئرسی سنگھ بانکہ کے امرپور سیٹ یا پھر جموئی اسمبلی سیٹ سے انتخاب لڑسکتی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ شیئرسی نیشنل شوٹر ہیں۔واضح رہے کہ شیئرسی سنگھ نے ہندوستان کی طرف سے کھیلتے ہوئے 2018 کے دولت مشترکہ کھیلوں میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ اس سے قبل گلاسگو میں ہوئے 2014 دولت مشترکہ کھیلوں میں نشانے بازی کے ڈبل ٹریپ مقابلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔