نئی دہلی: بالی وڈ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ دپیکا پڈوکون نے نہ صرف فلم انڈسٹری میں اپنا نام کمایا ہے بلکہ انہوں نے ہالی وڈ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔حال ہی میں دپیکا نے ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کوانٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بتایا۔
اداکارہ نے بتایا کہ بالی وڈ میں شاہ رخ خان کے ساتھ پہلی فلم کرنے کے باوجود بھی انہیں فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد بے حد تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ دپیکا نے کہا کہ کچھ سال ماڈلنگ کی دنیا میں کام کرنے کے بعد بلاآخر مجھے فلم میں آنے کا موقع ملا اور 19 سال کی عمر میں، میں نے پہلی فلم ‘اوم شانتی اوم’ کی تھی جس نے باکس آفس پر خوب بزنس کیا تھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب 2007 میں میری پہلی فلم ریلیز ہوئی تو جہاں مجھے لوگوں سے پیار ملا تھا وہیں متعدد لوگوں کی جانب سے میرے کام پر تنقید کی گئی تھی، لوگ مجھے کہتے تھے کہ یہ تو ایک ماڈل ہے، یہ اداکاری نہیں کر سکتی۔
دپیکا نے مزید بتایا کہ لوگ میرے لہجے کا مذاق بنایا کرتے تھے اور میرے بارے میں بہت کچھ لکھا اور بولا گیا تھا جو میرے لیے بے انتہا تکلیف دہ تھا، جب آپ صرف 21 سال کے ہوں تو اس طرح کی باتیں آپ کو یقیناً متاثر کرتی ہیں۔