لندن: برطانوی فلم اداکار ایان میک کیلین نے ،جنہوں نے لارڈ آف دی رنگز فلموں میں مرکزی کردار کے طور پر جادوگر کا کردار ادا کیا تھا، کہا کہ فیزر کوویڈ19-ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے بعد خود کو ہشاش بشاش محسوس کر رہے ہیں اور سب کو تلقین کرتے ہیں کہ جسے بھی یہ ویکسین ٹیکہ لگانے کی پیش کش کی جائے وہ اسے ہنسی خوشی لگوالے۔
سرکارکے زیر اہتمام چل رہی قومی صحت خدمات (این ایچ ایس) نے، جو برطانیہ کا عوامی کوویڈ ٹیکہ کاری پروگرام چلا رہی ہے ، نیلی ٹی شرٹ اور قوس قزح دھاریوں والے مفلر میں ملبوس میک کیلین کی متعدد تصاویر جاری کی ہیں جس میں وہ ٹیکہ لگوانے کے بعد انگوٹھا بلند کر کے اظہار مسرت کر رہے ہیں۔81سالہ اداکار نے کہا کہ یہ میرے لیے بڑا خاص دن ہے ۔ میں راحت محسوس کر رہا ہوں۔ میں کسی پس و پیش اور ہچکچاہٹ کے بغیر سب کو یہ ٹیکا لگوانے کی تلقین کرتا ہوں ۔
میں ٹیکہ لگوا کر خود کو بڑا خوش نصیب محسوس کر رہا ہوں ۔ واضح ہو کہ8دسمبر سے جب سے کہ کوویڈ ٹیکہ کاری کی مہم برطانیہ میں شروع ہوئی ہے کم و بیش ایک لاکھ 40ہزار افراد فیزر ویکسین کی پہلی خوراک لے چکے ہیں۔80سال سے زائد عمر کے افراد کو ترجیح دی جا رہی ہے۔