نئی دہلی: معروف اداکارہ دیویانکا ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ انہیں کیرئیر کے آغاز میں انڈسٹری کے بعض مردوں کی جانب سے متعدد بار غیر مہذب پیشکشیں ہوئی ہیں۔
ایک انٹرویو میں ہندوستانی ٹیلی ویڑن کی معروف اداکارہ دیویانکا ترپاٹھی نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایسے رویوں پر کبھی ہمت نہیں ہاری، مجھے پتہ ہے کہ ایسے لوگوں سے کیسے نمٹنا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں بعض مرد ایسے ہیں کہ اگر ان کی انا کو ٹھیس پہنچے تو وہ خاتون اداکارہ کا تشخص بگاڑنے کے لیے ہر اقدام اٹھاتے ہیں، مجھے بھی کیریئر کے آغاز میں بعض افراد کی جانب سے کردارکشی کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ انڈسٹری میں تمام مرد ایسے نہیں ہیں تاہم بعض کی جانب سے انہیں ایسے منفی رویوں کا سامنا کرنا پڑا۔