واشنگٹن: امریکہ کے ابق اٹارنی جنرل ولیم بار نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں وزارت انصاف ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف وافر ثبوت رکھتی ہے اور انہیں مجرم قرار دے سکتی ہے لیکن امید ہے کہ ایجنسی سابق صدر کے خلاف فرد جرم عائد کرنے سے انکار کردے گی۔
بار نے ،جو ٹرمپ کے تحت خدمات انجام دے چکے ہیں، ایک بار پھر جج کے اس فیصلہ پر تنقید کی جس میں اس نے گذشتہ مہ ٹرمپ کی فلوریڈا رہائش گاہ سے ایف بی آئی کے چھاپے کے دوران ضبط کیے گئے ریکارڈز کا ، جو ہزاروں دستاویزات پر مشتمل ہے،مطالعہ کرنے کے لیے ایک نام نہاد خصوصی تفتیش کار کے تقرر کی اجازت دی تھی۔
بار نے مزید کہا کہ ان دستاویزات کے، جن میں بیشتر دستاویزات نہایت درجہ خفیہ ہیں، حوالے سے مقدمہ میں دو اہم اور بڑے معاملات وابستہ ہیں ، ایک یہ کہ آیا وزارت انصاف ٹرمپ کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کا کیس بنا سکتی ہے یا اسے بنانا چاہئے۔کہا جاتا ہے کہ فلوریڈا میں مار اے لاگورہائش گاہ سے ملنے والی کچھ دستاویزات اس قدر خفیہ اور کانفیڈینشیل ہیں کہ ان تک سرکا ری افسران کی رسائی صرف صدر یا وزارتی کونسل کی اجازت سے ہی ہو سکتی ہے۔