لاہور🙁 اے یو ایس ) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ، جو متحدہ قومی موومنٹ۔ پاکستان (ایم کیو ایم پی) کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے کراچی پہنچے ہوئے ہیں، کہا ہے کہ ان کی پارٹی اور ایم کیو ایم پی مکمل طور پرہم آہنگ ہیں اور وہ بہت مطمئن ہو کر جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں پارٹیوں میں مکمل مطابقت ہے۔تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہت ممکن ہے کہ ایم کیو ایم پی کے رہنماو¿ں کو اس کا باقاعدہ اعلان کرنے میں دو چار روز لگ سکتے ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے بہادر آباد میں واقع مرکز پہنچنے پر متحدہ کے رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمٰن کا استقبال کیا۔بعد ازاں مولانا فضل الرحمٰن نے ایم کیو ایم پی رہنماؤں سے ملاقات کی اورایم کیو ایم پی کو حزبِ اختلاف میں شامل ہونے کی باقاعدہ دعوت دی۔
خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمٰن حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈیم ایم) کے بھی سربراہ ہیں اورحزبِ اختلاف کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد پر حمایت کے حصول کے لیے اپوزیشن کے رہنما ایم کیو ایم کی قیادت سے کئی ملاقاتیں کر چکے ہیں۔
