نئی دہلی: (اے یو ایس) ہندوستان کے سابق کرکٹ کپتان محمد اظہرالدین اس وقت کار حادثہ میںبال بال بچ گئے جب ان کی چلتی کار ایس یو وی کا ایک ٹائر نکل گیا اور کار پلٹ گئی ۔ یہ حادثہ راجستھان کے لال سوٹ کوٹہ میگا ہائی وے پر سوروال تھانہ کے نزدیک پیش آیا۔
سوروال تھانہ کے ایس ایچ او چندربھان سنگھ کے مطابق محمد اظہر الدین اور کار میں سوار دیگر تین سواریاں تو بچ گئیں لیکن ایک ڈھابہ ملازم کار کی زد میں آکر زخمی ہو گیا ۔ ٹیم انڈیا کے سابق کپتان محمد اظہرین اپنے کنبہ کے ساتھ رننتھ بھور جارہے تھے۔
دراصل سابق کرکٹر محمد اظہرالدین کی چلتی کار ٹائر نکل جانے کی وجہ سے بے قابو ہوگئی اور وہاں سڑک کنارے واقع ایک ڈھابے میں گھس گئی۔ اس حادثہ میں محمد اظہر الدین اور ان کے کنبہ کو تو کوئی چوٹ نہیں آئی ہے ، لیکن ڈھابے پر کام کرنے والا چالیس سال احسان زخمی ہوگیا ، جس کو اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔اس بھیانک حادثہ کے بعد وہاں بھیڑ جمع ہوگئی۔ کار کو کافی نقصان پہنچا ، جس کی وجہ سے محمد اظہر الدین کو دوسری گاڑی سے ہوٹل پہنچایا گیا۔
وہیں پولیس کی اس معاملہ کی جانچ میں مصروف ہوگئی ہے جبکہ اس حادثہ میں ڈھابے پر کام کرنے والے احسان کو اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ سابق کرکٹر محمد اظہرالدین جس کار سے کنبہ کے ساتھ جارہے تھے ، اس پر دہلی کا نمبر پلیٹ لگا ہوا ہے۔ وہیں اس حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد سوروال تھانہ پولیس فورا جائے واقعہ پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کیا۔ واضح رہے کہ محمد اظہر الدین نہ صرف ٹیم انڈیا کے لیجنڈ کپتان اور بلے باز رہے ہیں بلکہ وہ ایک سیاسی لیڈر بھی ہیں۔ وہ کانگریس کی طرف سے ممبر پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔