نئی دہلی: حکومت ہند نے کالعدم حزب المجاہدین سرغنہ سید صلاح الدین ،انڈین مجاہدین بھٹکل کے بانی برادران اور انڈر ورلڈ دان کے معتمد خاص چھوٹا شکیل سمیت مزید18افراد کو دہشت گرد قرار دے دیا۔
یو اے پی اے ایکٹ 1967 (2019 میں ترمیم شدہ) کی دفعات کے تحت مزید 18 افراد کو دہشت گرد قرار دینے کے وزارت داخلہ کے اس اعلان کے بعدکالعدم قرار دیے گئے دہشت گردوں کی تعداد31ہو گئی ہے ۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ پاکستان مقیم دہشت گرد بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
چھوٹا شکیل، حزب المجاہدین کا سرغنہ سید صلاح الدین اور انڈین مجاہدین کے بھٹکل برادران کے علاوہ 26/11 حملے ملز م لشکر طیبہ کے یوسف مزمل ، لشکر طیبہ کے سرغنہ حافظ سعید کے بہنوئی عبدالرحمان مکی، 1999 میں قندھار آئی سی – 814 کے اغوا کا ملز م یوسف اظہر ، ممبئی بم دھماکوں کی سازش رچنے والا ٹائیگر میمن بھی دہشت گرد قرار دیے گیے ہیں۔
یہ اعلان مرکزی وزارت داخلہ نے ایسے وقت میں کیا ہے جب ہندوستان اور امریکہ کے دفاع اور خارجہ کے وزرا ءکے درمیان نئی دہلی میں ٹوپلس ٹو(2+2 ) مذاکرات چل رہے تھے ۔ان مذاکرات کے دوران ہونے والے دو طرفہ معاہدے بی ای سی اے پر دستخط کے وقت امریکہ کے وزیر خارجہ مائک پومپیو اور دفاعی وزیر مارک ایسپر اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اوروزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر موجود تھے۔