جہلم:پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے سر براہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خواہ بارش ہو یا گرمی ملک کے چوروں کے خلاف ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔مسٹر خان نے جہلم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں قانون کی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے قانون اور آئین کی حدود میں رہتے ہوئے 26 سال جدوجہد کی ہے۔شریف اور زرداری خاندانوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے دعوی کیا کہ پاکستان میں ان کے دور حکومت سے پہلے ملک سب سے اوپر تھا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو لوٹا اور اب ہمیں بتا رہے ہیں کہ کیا کرنا ہے۔
پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر سابق وزیراعظم نے حکومت سے سوال کیا کہ سیلاب کی وارننگ تو بہت پہلے آچکی تھی لیکن اس کے باوجود حکومت نے اس سے نمٹنے کے لیے کیا تیاری کی؟ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت سیلاب سے نمٹنے کے لیے پالیسیاں بنانے کے بجائے سازش کر رہی ہے اور یہ سازش ان کے خلاف نہیں بلکہ ملک کی جمہوریت کو کمزور کرنے کی ہے۔اتحادیوں پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ حکومت کیسے چلائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کو گھیر رہی ہے اور مجھے نااہل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اتحادی انتخابات سے خوفزدہ ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی انہیں شکست دے دے گی۔