نئی دہلی: (اے ین آئی) ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل منوج پانڈے اگست میں نیپال کا دورہ کریں گے۔نیپال کی وزارت خارجہ نے اس کی تصدیق کر دی ۔ ذرائع کے مطابق نیپال کی صدر بدیا دیوی بھنڈاری اس دوران انہیں نیپالی فوج کے اعزازی جنرل کے خطاب سے سرفراز کریں گی۔ مجوزہ دورے کی تاریخیں اور تفصیلی سفر نامہ ابھی نہیں دیا گیا ہے۔
نیپالی فوج کے ذرائع نے بتایا کہ یہ دورہ ہونے والا ہے، لیکن وہ اس کی تصدیق اس وقت تک نہیں کر سکتے جب تک کہ وزارت خارجہ سے باضابطہ اطلاع نہیں مل جاتی۔ہندوستانی فوجی سربراہ کے اگست میں دورے کے حوالے سے ہندوستانی فوج سے اطلاع موصول ہوئی ہے۔ ہم ان کے دورے کی تاریخوں اور شیڈول پر کام کر رہے ہیں۔ یہ دورہ مکمل طور پر ہندوستانی فوجی سربراہ کو نیپالی فوج کے اعزازی خطاب سے نوازنے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
واضح ہو کہ نیپال اور ہندوستان کے سربراہوںکے دوروں کے تبادلے اور دونوں سربراہوں کو اعزازی جنرل خطابات سے نوازنے کی ایک طویل روایت رہی ہے۔ نیپال کے چیف آف آرمی اسٹاف پربھو رام شرما نے گزشتہ سال نومبر میں اپنے ہندوستانی ہم منصب کی دعوت پر ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ دورے کے دوران جنرل شرما کو بھارتی فوج کے اعزازی جنرل سے نوازا گیا۔جنرل پانڈے نے جنرل ایم ایم نروانے کی ریٹائرمنٹ کے بعد 30 اپریل کو آرمی کے 29ویں سربراہ کا عہدہ سنبھالاہے۔