نئی دہلی :ہندوستان کے تین روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچنے والے اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلی کوہن غزہ پٹی میں ایک عسکریت پسند گروپ کے خلاف کارروائی کے حوالے سے یہاں موصول ہونے والی سلامتی کی تازہ ترین اطلاعات کے پیش نظر ہندوستان کا اپنا تین روزہ دورہ مختصر کرکے وطن واپس چلے گئے۔ ایلی کوہن نے ، جنہوں نے اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور زراعت سمیت مختلف کلیدی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کی توسیع پر توجہ مرکوز کی، کہا تھا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد وطن واپس چلے جائیں گے۔ ہند۔ اسرائیل بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کوہن نے کہا کہ وہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر بھی بات کرنے والے تھے۔
کوہن نے واپسی سے قبل منگل کے روز ہی ٹویٹ کیا کہ آج سہ پہر انہوں نے اپنے ہمراہ آنے والے36رکنی وفد کو لے کر کی ہندوستانی ہم منصب جے شنکر اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور کہا کہ ان دونوں سے دو طرفہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے اہم ستون زراعت، پانی، دفاع اور سلامتی پر، جو ہمارے تعلقات کو آگے لے جا رہے ہیں، تبادلہ خیال ہوا ۔انہوں نے مزید کہا کہ آج پانی اور زراعت میں نئے معاہدے زیادہ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہائی ٹیک، ڈیجیٹل اور اختراع کے ساتھ ساتھ کنیکٹیویٹی، نقل و حرکت، سیاحت، مالیات اور صحت میں تعاون پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ، کثیر جہتی فورمز میں تعاون کو بھی مد نظر رکھا۔یہ دورہ ہندوستان، امریکہ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ ہفتے کے اواخر میں ریاض میں ہونے والے اس اجلاس کے دوران ہوا جس میں چین کے بنیادی ڈھانچے کے مقابلے کے لیے خلیجی ممالک کو جہاز رانی اور ریل نیٹ ورک کے ذریعے ہندوستان سے جوڑنے کے ایک مشترکہ بنیادی ڈھانچے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تصویر سوشل میڈیا