It should be 'main front', not 'third front': Nitish on opposition unityتصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی:(اے یو ایس ) بہار سے شروع ہوئی سیاسی تبدیلی کا اثر اب مرکز کی سیاست میں بھی نظر آنے لگا ہے۔ آج بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نئی دہلی واقع این سی پی سربراہ شرد پوار کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ وہاں دونوں کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد مرکز کی سیاست سے متعلق بن رہے نئے سیاسی حالات کی تھوڑی ہوا چلتی نظر آئی ہے۔این سی پی سربراہ شرد پوار سے ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ہم سب لوگوں کو متحد کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ سب کو ایک اسٹیج پر لایا جائے اور اس اتحاد کا نام ”تیسرا محاذ نہیں بلکہ ”اصل محاذ“ ہوگا۔

نتیش کمار نے یہ بات بھی بہت واضح طور پر کہی کہ وہ اپوزیشن کے وزیر اعظم عہدہ کا چہرہ نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سب لوگ مل کر جو طے کریں گے، وہی چہرہ ہوگا۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بتایا کہ ریاستوں کی ترقی سے متعلق شرد پوار سے بات چیت ہوئی۔ شرد پوار نے ہم لوگوں کے کام کو حمایت دی ہے۔ ہماری بات سبھی لوگوں سے ہو رہی ہے۔ ضرورت پڑنے پر ایک ساتھ بیٹھ کر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ نتیش کمار نے کہا کہ سونیا گاندھی دہلی واپس آئیں گی تو پھر ان سے ملنے آوں گا۔واضح رہے کہ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار دہلی کے تین روزہ دورہ پر ہیں۔

انہوں نے دہلی آکر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی،دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور کمیونسٹ لیڈر سیتا رام یچوری اور ڈی راجہ سے بھی ملاقات کی انہوں نے اروند کیجری وال کے ساتھ لنچ بھی کیا۔ اسی ضمن میں انہوں نے سی پی آئی-ایم ایل کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹا چاریہ سے ان کے دہلی واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بات چیت کے بعد نتیش کمار نے کہا کہ بہار میں 7 پارٹیاں ایک ساتھ ہیں۔ سبھی جماعتیں ساتھ مل کر رضا مندی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *