اسلام آباد: (اے یو ایس )حکومت نے جمیعت علمائے اسلام (فضل) کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کو سینیٹ میں ڈپٹی چیئرمین شپ کی پیشکش کردی، تاہم انہوں نے اس ‘پیشکش کو مسترد’ کردیا۔اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر دفاع اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما پرویز خٹک بھی موجود تھے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ ‘ہم نے عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کی پیشکش کی ہے، اس میں سب کا فائدہ ہے’۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے پی ڈی ایم کی جانب سے انہیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کرنے سے متعلق سوال پر کہا کہ ‘مجھے ابھی تک پی ڈی ایم کی جانب سے باضابطہ طور پرآگاہ نہیں کیا گیا’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم اپنے چیئرمین سے ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں، جبکہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے اور شیڈول بھی طے کریں گے’۔
بعد ازاں مولانا عبدالغفور حیدری نے حکومتی پیشکش کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے پاس تمام جماعتوں کے اراکین بیٹھے تھے، ملاقات کے دوران کوئی گفتگو نہیں ہوئی لیکن اس کے بعد پرویز خٹک نے گفتگو میڈیا کے سامنے کی۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومتی وزیر کی میڈیا کے سامنے اس طرح کی گفتگو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، جس حکومت کو اپوزیشن تسلیم نہیں کرتی اس حکومت کی پیشکش کی کوئی حیثیت نہیں ہے، جبکہ پی ڈی ایم نے جو فیصلہ کیا ہے ہم اس کے پابند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم مکمل طور پر متحد اور متفق ہے، حکومتی وزیر اپنی ڈوبتی کشتی کو بچانے کے لیے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا تھا کہ سینیٹ کے چیئرمین کے لیے مخالفین سے بھی ووٹ مانگنے جاو¿ں گا۔صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے یوسف رضا گیلانی کے پاس ووٹ مانگنے جاسکتا ہوں تو پھر سب کے پاس جاسکتا ہوں، کسی سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں، سب مل کر آگے بڑھیں گے۔واضح رہے کہ سینیٹ کے انتخابات کے بعد ایوان بالا کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رسہ کشی میں اضافہ ہوگیا ہے۔حکومت کی جانب سے صادق سنجرانی کو ایک بار پھر چیئرمین کے لیے نامزد کیا گیا ہے جبکہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) نے یوسف رضا گیلانی کو نامزد کیا ہے۔