نئی دہلی: اداکارہ کنگنا رناوٹ یوں تو گزشتہ چند سال سےبالی ووڈمیں اقربا پروری کے خلاف آواز بلند کرتی آ رہی ہیں اور وہ ہی پہلی بڑی اداکارہ بنی تھیں جنہوں نے کرن جوہر جیسے بااثر افراد کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔
حال ہی میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد بھی انہوں نے کرن جوہر سمیت بالی ووڈ کے بڑے اور بااثر افراد پر تاحال اقربا پروری کو فروغ دینے اور ایسے ماحول بنانے کا الزام عائد کیا تھا جس سے نئے اداکار مایوس ہوکر خودکشی کرلیتے ہیں۔
انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہبالی ووڈ کے پروڈکشن ہاؤسز، فلم سازوں اور بڑے اداکاروں نے ایسے حالات پیدا کیے کہ سشانت سنگھ خودکشی پر مجبور ہوگئے۔ایسے بیان کے بعد انہوں نے شوبز ویب سائٹ پنک ولا کو دیے گئے خصوصی انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ ماضی میں وہ بھی ایسے ہی حالات سے گزر چکی ہیں اور ان کے لیے بھی ایسا ہی ماحول پیدا کیا گیا کہ وہ بھی مجبور ہوکر کوئی بڑا قدم اٹھائیں۔
انٹرویو میں کنگنا رناوٹ نے الزام عائد کیا کہ ماضی میں معروف فلم ساز و شاعر جاوید اختر نے انہیں گھر پر بلاکر فلم ساز راکیش روشن اور ان کے بیٹے ریتیک روشن سے معافی مانگنے کے لیے دباؤ ڈالا۔کنگنا رناوٹ کے مطابق جاوید اختر نے باتوں ہی باتوں میں انہیں دھمکی دی کہ اگر انہوں نے بااثر اداکار و فلم ساز کے خاندان سے معافی نہیں مانگی تو وہ خاندان انہیں جیل بھجوا دے گا یا پھر اس کے لیے ایسے حالات پیدا کردیے جائیں گے کہ ان کے پاس خودکشی کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچے گا۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ جاوید اختر نے انہیں واضح طور پر پیغام دیا کہ انہیں ریتیک روشن اور اس کے خاندان کے خلاف باتیں کرنے کے بجائے ان سے معافی مانگ لینی چاہیے۔
خیال رہے کہ ماضی میں ریتیک روشن اور کنگنا رناوٹ کے درمیان جہاں عشق و محبت کے تعلقات رہے ہیں، وہیں ان دونوں کے درمیان 2017 کے بعد شدید اختلافات بھی سامنے آئے اور دونوں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات بھی عائد کیے۔