لندن:سابق افغان صدر حامد کرزئی نے ہفتہ کے روز سابق وزیر اعظم پاکستان و پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے رہبر اعلیٰ میاں محمد نواز شریف سے ان کی لندن رہائش گاہ ایون فیلڈ پر جا کر مزاج پرسی کی۔
نواز شریف کی رہائش گاہ پر حامد کرزئی کا استقبال نواز شریف کے بیٹوں حسن اور حسین نواز نے کیا ۔سابق وزیر اعظم کے بھائی اور پی ایم ایل این کے صدر شہباز شریف اورع ان کے بیٹے بھی سابق افغان صدر کے ساتھ ملاقات کے دوران موجود رہے۔
رہائش گاہ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کرزئی نے کہا کہ وہ اپنے بھائیوں عزت ماٰب میاں صاحب اور شہباز شریف صاحب سے ملاقات کر کے بہت مسرت محسوس کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ نواز کی عیادت کے لیے آئے ہیں۔سابق افغان صدر نے کہا کہ میں جب بھی پاکستان گیا یا نواز صاحب افغانستان کے دورے پر آئے مجھ سے نہایت محبت و مہربانی سے پیش آتے تھے۔
مجھے انہیں عمدہ صحت میں دیکھ کربڑی مسرت ہو رہی ہے۔نواز نے کرزئی کا شکریہ ادا کیاکہ وہ ان کی خیریت دریافت کرنے سات سمندر پار آئے۔