دمشق: ایران امریکہ میں بڑھتی کشیدگی کے درمیان ایک اور فضائی حملہ میں نامعلوم طیاروںنے عرقی سرحد سے متصل شام کے علاقہ میں اپنے اہداف کو نشانہ بنا کر بمباری کر کے ایران حمایت یافتہ حشد شعبی (پاپولر موبلائزیشن فورسز) کے8 عراقی ملیشیاؤں کو ہلاک کر دیا۔
برطانیہ مقیم شامی نگراں ادارہ برائے انسانی حقوق کے مطابق ان نامعلوم طیاروں نے عراقی سرحد کے قریب بوکامل علاقہ میں واقع ایران نواز ملیشیا کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا۔
ادارہ نے مزید بتایا کہ ان طیاروں کے دیگر اہداف میں ایران نواز ملیشیا کے اسلحہ ڈپو اور گاڑیاں بھی شامل تھیں۔ ایک عراقی عہدیدار اور ایران کے حمایت یافتہ حشد شعبی کےایک اور افسر نے کہا کہ ان جنگی طیاروں نے سرحد کے شامی علاقہ میں میزائل لے جانے والی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ قوی امکان اس بات کا ہے کہ یہ حملہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے کیا ہے لیکن اس کے لیے انہوںنے کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔ عراقی اہلکاروں نے آٹھوں ہلاک شدگان کی شناخت عراقی ملیشیا کے طورپر کی ہے۔
جبکہ حقوق انسانی ادارہ نے ان کی قومیت بتائے بغیرصرف اتنا کہا کہ یہ آٹھوں شامی نہیں تھے۔عراقی عہدیداروںنے یہ بھی کہا کہ چونکہ کچھ زخمیوں کی حالت بہت مخدوش ہے اس لیے ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے۔
ایک اور عراقی اہلکار نے کہا کہ جنہیں نشانہ بنایا گیا وہ حشد شعبی میں ایران حمایت یافتہ گروہ امام علی بریگیڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔