Kashmir: BJP leader, family shot dead by militantsتصویر سوشل میڈیا

سری نگر: شمالی کشمیر کے باندی پورہ ضلع میں بدھ کی شب دہشت گردوں نے ایک زبردست دہشت گردانہ کارروائی کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی ایکزیکٹیو کمیٹی کے رکن اور سابق ضلع صدر شیخ وسیم باری، ان کے بھائی عمر سلطان اور والد بشیر شیخ کو گولیوں سے بھون ڈالا۔

اس بہیمانہ واردات میں مارے جانے والے وسیم باری کے بھائی عمر سلطان ضلع یوتھ یونٹ کے رکن تھے جبکہ ان کے والد بشیر شیخ بی جے پی کے ضلع صدر کے عہدے پر رہ چکے ہیں۔ جموں و کشمیر کے پولس ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ کے حوالے سے اے این آئی نے بتایا کہ اس تہرے قتل کی واردات کے فوراً بعد سلامتی دستوں نے حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کے لیے پورے علاقہ کا محاصرہ کر کے تلاش مہم شروع کر دی ہے۔

سلامتی دستوں نے مقتول بی جے پی لیڈر کی حفاظت پر تعینات دس پولس اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ شروع کر دی ہے کیونکہ حملہ کے وقت ان میں سے ایک بھی وسیم باری کے آس پاس موجود نہیں تھا۔ ابھی تک کسی انتہاپسند تنظیم نے اس وحشیانہ کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ موصول اطلاع کے مطابق بدھ کی رات آٹھ بج کر50منٹ پر انتہاپسندوں کا ایک گروپ باندی پورہ کے مسلم آباد علاقہ میں آیا ۔ اور باندی پورہ تھانہ کے قریب واقع بی جے پی کے سابق ضلع صدر کی رہائش گاہ پہنچا۔

اس وقت وسیم باری اپنے بھائی اور والد کے ہمراہ مکان سے متصل دکان پر تھے۔انتہاپسندوں نے ان تینوں کو بچاؤ کا کوئی موقع دیے بغیرپستولوں سے گولیاں برسانی شروع کر دیں۔تینوں خون میں لت پت ہو کر فرش پر گر پڑے۔ گولیوں کی آواز سن کر تھانہ اور قریب ہی واقع فوجی کیمپوں سے فوج کے جوان موقع پر پہنچے لیکن اس وقت تک دہشت گردد کارروائی کر کے فرار ہو چکے تھے۔

کشمیر پولس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کی حفاظت پر مامور دس پولس اہلکاروں میں سے ایک بھی اس وقت وہاں موجود نہیں تھا اور سب دکان کے اوپر بنے کمرے میں تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کے محافظ دستے نے چونکہ فرائض سے غفلت برتی ہے اس لیے اس سے سختی سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 8جولائی کو حزب المجاہدین کے دہشت گرد برہان وانی کی چوتھی برسی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *