کویت سٹی:(اے یو ایس) کویت ایئرویزہفتہ کے روز سے عراق کے جنوبی شہرنجف کے لیے تجارتی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔کویت کی سرکاری فضائی کمپنی نے گذشتہ ماہ عراق کے دارالحکومت بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے احاطے میں متعدد راکٹوں کے گرنے کے بعدعراق کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پرمعطل کردی تھیں۔
کمپنی نے گذشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھاکہ کویت کی شہری ہوابازی اتھارٹی کی ہدایات کی روشنی میں عراق جانے والی پروازیں عارضی طور پرمعطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔28جنوری کو بغداد کے ہوائی اڈے پرچھے راکٹ داغے گئے تھے۔اس حملے میں عراق کی قومی فضائی کمپنی عراقی ایئرویز سے تعلق رکھنے والے دوتجارتی طیاروں کو نقصان پہنچا تھا۔
اس واقعے سے عراق میں راکٹ اور ڈرون حملوں میں اضافے کی عکاسی ہوتی ہے۔ایسے حملوں میں اکثرامریکا اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ ساتھ عراق کے سرکاری اداروں کوبھی نشانہ بنایا جاتا ہے۔عراق میں ایران کے حمایت یافتہ شیعہ ملیشیا گروپوں پر ان راکٹ اور ڈرون حملوں کو الزام عائد کیا جاتا ہے۔
