نئی دہلی: مرکزی حکومت کو دہلی پر زیادہ اختیار دینے کا ایک مجوزہ بل قانون بننے کے قریب پہنچ گیا ہے۔قومی دارالحکومت علاقہ دہلی حکومت (ترمیمی) بل (این سی ٹی بل) 2021 کو لوک سبھا کی منظوری مل گئی ہے۔
اس بل میں شہر کی منتخب حکومت سے زیادہ لیفٹیننٹ گورنر کو، جو مرزکی سرکار کا نمائندہ ہوتا ہے، مزید اختیارات تفویض کر دیے گئے ہیں ۔ قومی دارالحکومت علاقہ گورننس (ترمیمی) بل 2021 میں دہلی (ایل جی) کے لیفٹیننٹ گورنر کے کچھ کردار اور استحقاق کی وضاحت کی گئی ہے۔
ایوان زیریں میں بل پر بحث کے جواب میں ، وزیر مملکت برائے امور داخلہ کشن ریڈی نے کہا “آئین کے مطابق ، دہلی ایک ایسا مرکزی علاقہ ہے جس میں قانون ساز اسمبلی پر مشتمل محدود اختیارات ہیں۔ سپریم کورٹ نے بھی اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ یہ ایک مرکزی خطہ ہے۔
تمام ترامیم عدالت کے فیصلے کے مطابق ہیں۔ بل کی منظوری کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجری وال نے ٹوئیٹرکے توسط سے کہا کہ یہ دہلی کے عوام کی جنہوں نے اپنے لیے ایک حکومت منتخب کی تھی، توہین ہے۔