نئی دہلی: مرکزی وزارت صحت کے مطابق ملک میں جان لیوا اور مہلک ترین عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے کیسزمیں تشویشناک اضافہ جاری ہے۔ یومیہ کیسز میں یہ اضافہ گزشتہ ہفتہ سے دس دنوں کے درمیان انتہائی سرعت کے ساتھ ہوا ہے۔
پیر کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں تقریباً 47 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور دو سو سے زیادہ افراد کی موت ہوئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 46951 نئے کیسز درج کئے گئے ، جبکہ اتوار کے روز یہ تعداد 43846 ، ہفتے کے روز 40953 اور جمعہ کو 39726 تھی۔ مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 3لاکھ45ہزار 377ہو گئی ہے جبکہ ایک کروڑ 11لاکھ 81ہزار253مریض شفایاب اور ایک لاکھ60ہزار166 فوت ہو چکے ہیں۔ملک کی 8ریاستوں اور مرکزی علاقوں بشمول مہاراشٹر، چنڈی گڑھ ، پنجاب، پامڈیچری، گوا، مدھیہ پردیش، گجرات اور ہریانہ میں ہفتہ واری مثبت کیسوں کی تعداد قومی اوسط سے بھی کہیں زیادہ ہے۔
گذشتہ24گھنٹے کے دوران پنجاب میں 2ہزار319، دہلی میں800، راجستھان میں602،تمل ناڈو میں 1385،گجرات میں 1640 اور مہاراشٹر میں24ہار645کیسز سامنے آئے ہیں۔ ممبئی میں کیسز کے بڑھتے ہوئے معاملات تشویشناک ہے۔ ممبئی میں وبائی امراض کی سب سے زیادہ تعداد 3،262 سامنے آئے ہیں۔مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 25،04،327 ہوگئی ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی میں ، مسلسل تیسرے دن کورونا کیس 800 پائے گئے۔ پیر کے روز دارالحکومت دہلی میں 888 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اس سے قبل 24 دسمبر 2020 کو ایک دن میں 1063 کیسز درج کیے گئے ۔مسلسل تیسرے دن بھی انفیکشن کی شرح 1 فیصد سے زیادہ رہی ہے۔ انفیکشن کی شرح 1.32 فیصد ہے جو کہ 20 دسمبر کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔ 20 دسمبر کو انفیکشن کی شرح 1.31 فیصد تھی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 7 مریض فوت ہو گئے۔ جس سے اموات کی مجموعی تعداد 10963 ہو گئی۔ دہلی میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 3 ہزار 934 پہنچ گئی ہے۔
یہ 7 جنوری کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔ 7 جنوری کو دہلی میں 4 فعال کیسز تھے۔اتر پردیش میں پیر کو جاری کردہ ہیلتھ بلیٹن کے مطابق ریاست میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 542 نئے انفیکشن پائے گئے اور ایک مریض کی موت ہو گئی ۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میںاس مرض میں مبتلا ہو کر ہلاک ہونے و الوں کی تعداد 8ہزار760ہو گئی۔ گذشتہ24گھنٹے کے دوران 177 مریضوں کو صحتیاب ہونے کے باعث ڈسچارج کر دیا گیا۔اب تک 5 لاکھ 95 ہزار 920 متاثرہ افراد کو شفایاب ہونے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کوویڈ19- انفیکشن میں اضافے اور ہولی اور دیگر تہواروں اور پنچایت انتخابات کے پیش نظر ریاست میں خصوصی نگرانی اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے پیر کی رات اعلی افسران کیساتھ میٹنگ کی اور افسران کو واضح طورپر ہدایت دی کہ آنے والے تہواروں ، پنچایت انتخابات اور متعدد ریاستوں میں کرونا وائرس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاست میں خصوصی نگرانی اور چوکسی برتی جائے۔، وزیر اعلی نے کہا کہ تہواروں پر کوئی پابندی نہیں ہے مگر کرونا کے تئیں لوگوں کو بیدار کیا جائے اور بغیر مقامی انتظامیہ اجازت کے بغیر کوئی بھی جلوس اور پروگرام یا عوامی تقریب نہ کی جائے۔
پنچایت انتخابات سے قبل ریاستی الیکشن کمیشن نے تمام ضلعی عہدیداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ انتخابات کے لئے یہ ہدایات کوویڈ 19 وبا کے سلسلے میں جاری کی گئیں ہیں۔ ہدایت میں کہا گیا تھا کہ انتخابی کام میں مصروف ہر کارکن کے لئے فیس ماسک لگانا لازمی ہوگا۔ اراگیو سیتو ایپ انتخابی کاموں میں مصروف ہر ملازم کے موبائل میں ڈاو¿ن لوڈ ہوگی اور اس کا استعمال لازمی ہوگا۔انتخابی کام کے لئے منتخب ہر مقام اور پولنگ اسٹیشن کو استعمال کرنے سے پہلے ان کی صفائی ستھرائی لازمی ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی کام میں حصہ لینے والے تمام کارکنوں کو تھرمل اسکینرز کے ذریعے جانچ کرانا ہوگا۔اس کے ساتھ ساتھ ، کلاس ایک سے آٹھ تک کے تمام سرکاری اور نجی اسکول بدھ یعنی 24 سے 31 مارچ تک جب کہ باقی تعلیمی اداروں میں جہاں امتحانات نہیں ہورہے ہیں ، انہیں 25 سے 31 مارچ تک بند رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
