نئی دہلی: ان دنوں پاکستان میں ٹی وی سیریل ‘میرے پاس تم ہو’ کی کافی چرچا ہے وہیں ڈرامے کے رائٹرخلیل الرحمٰن قمر کے متنازع بیانات کی وجہ سے اسے شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔
اس ڈرامے کی کاسٹ میں کئی معروف اداکار و اداکارائیں شامل ہیں جن میں سے ایک ماڈل و اداکارہ رحمت اجمل بھی ہیں۔رحمت اجمل اس ڈرامے میں ‘عائشہ’ نامی لڑکی کا کردار ادا کررہی ہیں جو ڈرامے کے مرکزی کردار ‘دانش’ کی دوست بنی ہیں۔
جہاں کاسٹ میں موجود ہر اداکار کی اداکاری کو پسند کیا گیا تو وہیں کچھ کو تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا انہیں میں ایک رحمت اجمل بھی ہیں، جنہوں نے خود پر ہوئی تنقید کے بعد خلیل الرحمٰن قمر کے نظریات سے خود کو الگ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اداکارہ رحمت اجمل نے لکھا کہ ‘میں جانتی ہوں کہ فنکار ہونے کی حیثیت سے ہماری سماجی ذمہ داری ہے کہ ہم ایسا مواد پروڈیوس کریں جس کے ذریعے مثبت پیغام دیا جائے اور میں اپنی اس ذمہ داری کو بےحد سنجیدگی سے ادا کرنے کی کوشش کرتی ہوں’۔
اداکارہ کے مطابق ‘مجھے کئی روز سے ایسے پیغامات موصول ہورہے جس میں نفرت انگیز جملے اور پریشانیوں کا اظہار کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ میں نے اب اس پر کھل کر بات کرنے کا فیصلہ کیا’۔رحمت اجمل نے کہا کہ ‘میں خلیل الرحمٰن قمر کے نظریات سے بالکل اتفاق نہیں کرتی، میں نے خلیل الرحمٰن قمر کا انٹرویو سنا اور ڈرامے کے اختتام سے قبل مجھے ان کے پریشان کن خیالات کا اندازہ ہوا، میں ایسے کسی پروجیکٹ کا حصہ بن کر فخر محسوس نہیں کرتی جس کے لکھاری کے نظریات ایسے ہوں’۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ‘البتہ میں اور میرے جیسے دیگر اداکار خلیل الرحمٰن قمر کی سوچ کے بارے میں اس وقت نہیں جانتے تھے جب ہم نے ایک ساتھ اس ڈرامے کی شوٹنگ کی، نہ ہمیں مکمل کہانی معلوم تھی، پروجیکٹ میں میرا کردار ویسے بھی مختصر ہے، یہ میرے کیریئر کا پہلا ٹی وی ڈراما ہے اور میں اس وقت سیکھ ہی رہی ہوں، میں نے اس پروجیکٹ کے ساتھ یہ بھی سیکھا کے اپنے انتخابات کو لے کر محتاظ رہنے کی ضرورت ہے’۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ کا اختتام اس درخواست کے ساتھ کیا کہ لوگ نئے فنکاروں کو موقع دیں کہ وہ سیکھ سکیں۔یاد رہے کہ ‘میرے پاس تم ہو’ کی آخری ڈبل قسط رواں ہفتے (25 جنوری) کو اے آر وائے ڈجیٹل اور سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
’میرے پاس تم ہو‘ کی کہانی شادی شدہ جوڑوں کے گرد گھومتی ہے، ڈرامے میں ایک شادی شدہ خاتون کو دوسرے شادی شدہ مرد کے ساتھ تعلقات استوار کرتے ہوئے اور اپنے شوہر سے طلاق حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔