خرطوم:(اے یو ایس ) سوڈان سے سعودی عرب بھیڑیں لے جانے والا بحری جہاز گنجائش سے زیادہ مال لاد دیے جانے کے سبب بندرگاہ پر ہی ڈوب گیا جس سے ہزاروں بھیڑیں ہلاک ہو گئیں البتہ جہاز کا عملہ محفوظ رہا۔
اتوار کی صبح بحیرہ احمر میں سوڈان کی ایک بندرگاہ سواکن پر بحری جہاز گنجائش سے زیادہ وزن کے سبب پانی میں ایک جانب جھک گیا تھا۔ بعد ازاں وہ پورا پانی میں ڈوب گیا۔ جہاز پر لدی ہوئی بھیڑوں میں سے کچھ کو ہی بچایا جا سکا۔ڈوبنے والے جہاز میں لادی گئی بھیڑیں سعودی عرب لے جائی جا رہی تھی جہاں آئندہ ماہ عید الاضحیٰ پر ان بھیڑوں کو ممکنہ طور پر قربانی کے لیے ذبح کیا جانا تھا۔
عید سے قبل متعدد افریقی ممالک قربانی کے جانوروں کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب کو برآمد کرتے ہیں۔سوڈان کی بندر گاہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ بندرگاہ پر لنگر انداز ڈوبنے والا جہاز بدر۔ون تھا جسے مویشیوں کی تجارت کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس جہاز کے ڈوبنے کا واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا۔
جہاز پر لدے جانوروں کی تعداد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس پر لگ بھگ 15 ہزار 800 بھیڑیں لادی گئی تھیں۔یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ جہاز پر موجود کتنی بھیڑوں کو بچایا جا سکا ہے۔حکام کے مطابق جہاز کی استعداد نو ہزار بھیڑیوں کی تھی لیکن اس میں اس کی استعداد سے زیادہ جانور لاد دیے گئے تھے جس کے سبب جہاز کا توازن برقرار نہیں رہ سکا تھا۔بندر گاہ کے ایک اور اعلیٰ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جہاز کا تمام عملہ اس واقعے میں محفوظ رہا ہے۔ عملے کو جہاز سے نکال لیا گیا تھا۔
تصویر سوشل میڈیا