ڈھاکہ: وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ہفتے کے روز بنگلہ دیش کے سب سے طویل پل کا افتتاح کیا، جو مکمل طور پر ملکی فنڈز سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پدما پل صرف اینٹوں اور سیمنٹ کا ڈھیر نہیں ہے بلکہ بنگلہ دیش کے فخر، قابلیت او ر شان کی علامت ہے۔
پدما ندی پر اس پل کی لمبائی 6.15 کلومیٹر ہے اور یہ جنوب مغربی بنگلہ دیش کو دارالحکومت اور ملک کے دیگر حصوں سے ملاتا ہے۔اس کثیر المقاصد ریل پل کی تعمیر کی لاگت 3 ارب 60 کروڑ ڈالر ہے جو کہ مکمل طور پر بنگلہ دیش حکومت نے برداشت کیا ہے۔ حسینہ نے پدما پل کی تعمیر میں شامل لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔
پدما پل کا افتتاح اس لیے اہم ہے کہ یہ مکمل طور پر گھر یلو خرچ پر بنایا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہامجھے کسی سے کوئی شکایت نہیں ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ جنہوں نے پدما پل کے تعمیراتی منصوبے کی مخالفت کی اور اسے پائپ ڈریم کہا، ان میں خود اعتمادی کی کمی تھی۔
مجھے امید ہے کہ یہ پل ان میں اعتماد پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا، یہ پل صرف اینٹوں، سیمنٹ، لوہے اور کنکریٹ کا ڈھیر نہیں ہے یہ پل ہمارا فخر ہے، یہ ہماری صلاحیت، طاقت اور فخر کی علامت ہے۔ یہ پل بنگلہ دیش کے لوگوں کا ہے۔دریں اثنا، بھارتی ہائی کمیشن نے منصوبے کی تکمیل پر بنگلہ دیش حکومت کو مبارکباد دی۔
