امرتسر: اٹلی سے چارٹرڈ فلائٹ سے امرتسر یہاں ایئرپورٹ پر کورونا پازیٹیو پائے جانے والے 125اطالوی مسافروں میں سے 13 کورونا پازیٹیو مسافر ہسپتال سے فرار ہو گئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ تمام لوگ محکمہ صحت کے عہدیداروں کو چکمہ دے کر چلے گئے۔ میلان سے اس طیارے میں آنے والے 179 مسافروں میں سے جمعرات کی صبح 125 مسافروں میں کورونا مثبت پایا گیا۔ جس کے بعد انہیں امرتسر کے ہی گرو نانک دیو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔امرتسر کے ڈپٹی کمشنر گرپریت سنگھ کھیڑا نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ہم بھاگے ہوئے مسافروں کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کی کارروائی شروع کریں گے۔
واضح ہو کہ جمعرات کے روز اٹلی سے امرتسر جانے والی فلائٹ کے 125 مسافروں میں کوروناوائرس تشخیص کیا گیا تھا ۔ ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر وی کے سیٹھ نے کہا کہ جو 125مسافر کوویڈ پازیٹو پائے گئے تھے وہ غیر شیڈول چارٹر فلائٹ کے 179 ارکان میں شامل تھے اور اٹلی کے شہر میلان سے امرتسر آئے تھے۔ریاستی صحت کے اہلکار صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مثبت آنے والے مسافروں کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ نئے ویریئنٹ اومیکرون کی وجہ سے دنیا بھر کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں بھی کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
جہاں تک ہندوستان کا تعلق ہے تو مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں جمعہ کو گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 1,17,100 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کورونا وائرس ویرینٹ اومیکرون کے کیسز کی کل تعداد 3007 تک پہنچ گئی ہے۔کرونا وائرس کی وجہ سے ملک میں 302 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جن میں سے صرف کیرالہ میں 221 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ ملک میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 4,83,178 ہو گئی ہے۔ ملک میں یومیہ مثبتیت کی شرح بڑھ کر 7.74 فیصد اور ہفتہ وار مثبتیت کی شرح 4.54 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
