نئی دہلی: (اے یو ایس ) کورونا وائرس کے معاملات کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد نے تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ اٹلی سے امرتسر جانے والی فلائٹ کے 125 مسافر کوویڈ پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر وی کے سیٹھ نے کہا کہ یہ مسافر امرتسر پہنچنے کے بعد مثبت پائے گئے۔ معلومات کے مطابق، غیر شیڈول چارٹر فلائٹ کے 179 ارکان میں سے 125 جو اٹلی کے شہر میلان سے امرتسر آئے تھے کوویڈ پازیٹو پائے گئے۔
ریاستی صحت کے اہلکار صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مثبت آنے والے مسافروں کو قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ نئے ویریئنٹ اومیکرون کی وجہ سے دنیا بھر کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں بھی کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
جہاں تک ہندوستان کا تعلق ہے تو ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جمعرات کو 90,928 نئے کوویڈ-19 کیسز درج کیے گئے ہیں جو کہ بدھ کے مقابلے میں 56.5 فیصد زیادہ۔ کل 58,097 نئے کورونا کیس رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 325 لوگوں کی کورونا انفیکشن کی وجہ سے موت ہوئی ہے۔ ملک میں کورونا سے جان کی بازی ہارنے والوں کی کل تعداد 4 لاکھ 82 ہزار 876 ہو گئی ہے۔
