Saudi Arabia: Sex offenders to be named and shamedتصویر سوشل میڈیا

ریاض:(اے یوایس) سعودی عرب میں گزشتہ کچھ عرصے سے جنسی حملوں اور ہراسانی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ آئے روز خواتین کے ساتھ شرمناک حرکات کی کئی خبریں اور تصاویر بھی سامنے آتی رہتی ہیں۔ ان معاملات پر بڑھتی ہوئی تشویش کے بعد سعودی حکومت نے اہم فیصلہ لے لیا ہے۔

اس سلسلے میں سعودی حکومت کی جانب سے انسدادِ ہراسانی کے قانون میں نئی ترمیم کر دی گئی ہے۔جس کے بعد جنسی حملوں میں ملوث مجرموں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے گی اور ان کو سعودی عوام میں شرمسار کرنے کے لیے ان کی تشہیر بھی ہو گی اور متاثرین کو تحفظ کا احساس ہو گا۔

سعودی عرب کے ممتاز قانون دانوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہراسانی کے بڑھتے ہوئے واقعات ایک لمحہ فکریہ ہیں۔ایسے وقت میں انسدادِ ہراسانی کے قانون میں ترمیم سے متاثرین کا بہت بڑا فائدہ ہو گا۔

انسداد ہراسانی کے قانون 2018 میں کابینہ نے جو ترمیم کر دی ہے اس کے بعد عدالت سے جنسی ہراسانی کے معاملات میں سزا پانے والوں کی مملکت بھر میں تشہیر کروائی جائے گی تاکہ لوگوں کو ان کے بارے میں واقفیت ہو سکے اور مجرموں کو اپنے کیے پر بھی صحیح معنوں میں شرمندگی کا احساس ہو سکے۔

مجرموں کی تشہیر کے تمام اخراجات بھی انہی سے وصول کیے جائیں گے۔جب بہت سے خراب کردار کے لوگوں کو اپنی تشہیر کا خوف ہو گا تو وہ خواتین یا بچوں کے ساتھ جنسی ہراسگی کی نازیبا حرکات سے دور رہنے میں ہی عافیت جانیں گے۔

تاہم صرف سنگین نوعیت کے جنسی حملوں اور ہراسانی کے معاملات میں سزا پانے والوں کی ہی تشہیر کی جائے گی۔ جنسی ہراسانی سے مقدمات میں سزا پانے والوں کو اہم نوعیت کی ملازمت کرنے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *