کابل: امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے امور افغانستان زلمے خلیل زاد اور قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبد الرحمٰن بن جسیم التھانی نے افغان طالبان تحریک کے شریک بانی سمیت طالبان کے سینیر اراکین اور مذاکرات کاروں سے ملاقات کی اور ان سے افغان امن عمل میں مزید اقدامات کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے اس کا انکشاف کرتے ہوئے مزید کہا کہ طالبان تحریک کے شریک بانی ملا عبد الغنی برادر ،جنہیں ملا برادر اخوند سے بھی جانا جاتا ہے، امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے مقررطالبان کے اعلیٰ مذاکرات کار ملا محمد فاضل مظلوم، ایک سینیر طالبان رکن ملا خیر اللہ خیر خواہ اور طالبان کے سابق وزیر طلاعات ملا امیر خان متقی ملاقات کے دوران موجود رہے۔
شاہین نے مزید ٹوئیٹ کیا کہ اسلامی امارات افغانستان کے وزیر برائے سیاسی امور ملا برادر اخوند ملا محمد فاضل مظلوم، ملا خیر اللہ خیر خواہ ،ملا امیر خان متقی، قطر کے وزیر خارجہ اور زلمے خلیل زاد نے مذاکرات سے برآمد ہونے والے نتائج پر تبالہ خیال کے لیے ملاقات کی اور مزید اقدامات کرنے پر غور و خوض کیا۔
طالبان کے نمائندے قطر کے دارالخلافہ دوحہ میں ایک امن معاہدے کے لیے امریکی عہدیداروں سے تسلسل سے ملاقاتیں کر رہے ہیں ۔یہ امن معاہدہ افغانستان سے تحریک کی جانب سے اس ضمانت کے بعد کہ ملک دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہیں بنے گا افغانستان سے غیر ملکی فوجوں کے انخلا ءیقینی بنائے گا۔