واشنگٹن: (اے یوایس)امریکہ اور کناڈا میں زبردست برفباری سے ٹوٹ پڑنے والے سرمائی طوفان کے باعث متعدد ریاستوں میں موسمی انتباہ کے ساتھ ایمرجنسی نافذ کر کے80ملین سے زائد شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ جن ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے ان میں ورجینیا، جارجیا اور شمالی اور جنوبی کیرولائنا شامل ہیں۔شمالی کیرولائنا میں برفانی طوفان کے دوران کاربے قابو ہونے کے باعث2 افراد ہلاک ہوگئے، شمالی کیرولائنا کے کچھ حصوں میں ریکارڈ برفباری ہوئی، جبکہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ برفانی طوفان کے پیش نظر 80 ملین سے زائد افراد کیلئے ونٹر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔امریکہ کے جنوب مشرقی ریاستوں میں تقریباً 2 لاکھ 35 ہزار افراد اتوار کی دوپہر تک بجلی سے محروم رہے۔یو ایس نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) کے مطابق کچھ علاقوں میں ایک فٹ سے زائد برفباری ہونا متوقع ہے۔این ڈبلیو ایس نے برفباری سے سفری خطرات، بجلی نظام کی غیر فعالیت اور درختوں کو نقصان کا انتباہ دیا۔
