واشنگٹن :وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کے ساتھ، جس نے یوکرین کےخلاف بلا اشتعال اور وحشیانہ جنگ چھیڑ رکھی ہے،مشترکہ عسکری مشقوں میں شرکت کرنے کے ہندوستانی منصوبے پر امریکہ کو تشویش ہے ۔امریکا کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ فوجی مشقیں کرنا کسی بھی ملک کے لیے تشویشناک ہے ۔ واضح ہو کہ ہندوستان اور چین کی فوجیں ستمبر کے پہلے ہفتے میں روس میں ہونے والی فوجی مشق میں حصہ لینے جا رہی ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے یہ بات روس میں یکم سے 7 ستمبر تک ہونے والی کثیر ملکی فوجی مشق ووسٹوک 2022 کے بارے میں، جس میں شرکت کرنے والے دیگر ممالک میں ہندوستان اور چین بھی شامل ہے، پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہی۔ یوکرین کے خلاف جنگ چھیڑنے کے بعد روس میں منعقد ہونے والی یہ پہلی بڑی مشق ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری جین پیئر نے کہا کہ روس کے ساتھ مشق کرنے والا کوئی بھی ملک امریکہ کے لیے باعث تشویش ہے کیونکہ روس نے یوکرین کے خلاف بلا اشتعال جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ لیکن ہر شریک ملک کو اپنا فیصلہ خود کرنا ہے اور امریکہ یہ فیصلہ ان پر چھوڑتا ہے ۔ جب ان سے خاص طور پر یہ معلوم کیا گیا کہ امریکہ نے ہندوستان پر کیوں کوئی دباؤنہیں ڈالا تو انہوں نے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ چکی ہوں کہ کسی بھی ملک کے لیے اس کے ساتھ مشق کرنا تشویشناک ہے جبکہ اس نے ایک بلا اشتعال اور فضول میں جنگ چھیڑ رکھی ہے۔