واشنگٹن: (اے یو ایس ) امریکہ نے پاکستان میں پی ٹی آئی حکومت کا تختہ پلٹنے میں امریکی ہاتھ ہونے کے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے عائد کردہ الزامات کی تردید کا اعادہ کرتے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت والی پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں اور منتظر ہے۔امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نیڈ پرائس نے اپنی یومیہ بریفنگ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے اور ہم ان کے اور ان کی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے شدت سے متمنی ہیں۔
قبل ازیںامریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کو آگے بڑھانے کا منتظر ہے۔ امریکا ایک مضبوط اور جمہوری پاکستان کو باہمی مفادات کے لیے ضروری سمجھتا ہے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم آفس نے کہا کہ نئی حکومت خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو فروغ دینے کے لیے امریکا کے ساتھ تعمیری اور مثبت انداز میں رابطہ اور تعلقات رکھنا چاہتی ہے۔
انٹونی بلنکن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان 75 سالوں سے وسیع تر باہمی مفادات کا اہم شراکت دار ہے۔ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہم نومنتخب پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعاون کو آگے بڑھانے کے منتظر ہیں۔امریکی سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ طویل مدتی تعاون جاری رکھنے کے متمنی ہیں۔ امریکا ایک مضبوط اور جمہوری پاکستان کو باہمی مفادات کے لیے ضروری سمجھتا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم کے دفتر نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت اور ضرورت کا اعادہ کیا۔پاکستان کے وزیراعظم آفس نے ٹویٹ میں کہا کہ نئی حکومت خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو فروغ دینے کے لیے امریکا کے ساتھ تعمیری اور مثبت انداز میں رابطہ اور تعلقات رکھنا چاہتی ہے۔وزیراعظم آفس نے برابری، باہمی مفاد اور فائدے کے اصولوں پر مبنی تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
