تہران: ایران کے سیلاب زدہ صوبہ سیستان و بلوچستان میں محکمہ ماحولیات نے مقامی رہائشیوں کو انتباہ دیا ہے کہ وہ دلدلی مگر مچھوں سے ہوشیار رہیں اور گھروں سے باہر نکلتے وقت احتیاط برتیں کیونکہ سیلابی علاقوں میں بے شمار مگر مچھ تالابوں اور دلدل سے باہر نکل کر علاقہ میں پھیل گئے ہیں۔
صوبہ کے کچھ سیلاب زدہ دیہات میں مگر مچھ دیکھے بھی گئے ہیں۔سیستان و بلوچستان صوبہ کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق ی مگر مچھ جنہیں مقامی زبان میں گندو کہا جاتا ہے، سیلاب سے سراسیمہ ہوکر نہایت جارح ہو گئے ہیں اور کسی پر بھی حملہ کر بیٹھتے ہیں۔
ورنہ عام طور پر گندوز انسانوں سے ڈر کر بھاگ جاتے ہیں اور اسی وقت حملہ کرتے ہیںجب وہ خطرہ محسوس کرتے ہیں۔واضح ہو کہ گذشتہ جمعرات سے سیستان و بلوچستان اور اس سے متصل صوبوں کرمان اور جنوبی خرسان میں زبردست سیلاب آیا ہوا ہے جس میں ہزاروں افراد نقل مکانی کر گئے ۔
اس سیلاب میں اب تک ایک شخص کے مرنے کی خبر ہے۔ سیستان و بلوچستان میں آنے والے اس سیلاب میں 500سے زائد دیہات اور 14قصبات متاثر اور تقریباً20ہزار مکانات کو نقصان یا تباہ ہو گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری کچھ تصاویر میں متعدد لوگوں کو سیلاب سے بچنے کے لیے درختوں پر بیٹھا دکھایا گیا ہے ۔
پارلیمنٹ میں صوبہ کے ایک نمائندے عزیز سرانی نے کہا کہ زمینی صورت حال نہایت مخدوش اور تشویشناک ہے۔سیستان و بلوچستان صوبہ ایران کے جنوب مشرق میں پاکستان سے متصل ہے اور بلامبالغہ نہایت پسماندہ صوبہ ہے۔